پشاور(این این آئی)”ہر سیاسی جماعت غریب عوام کانعرہ لگارہی ہے مگر ہر دورمیں غریبوں کا استحصال ہوتارہا“پرویزخٹک نے خیبرپختونخواسے مہنگائی،بیروزگاری کے خاتمے کیلئے انقلابی منصوبے کا انکشاف کردیا، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے قوم سے تبدیلی کا جو وعدہ کیاتھا اس پر من و عن عمل شروع ہے صوبے کے غریب عوام کی تقدیر بدل کر دم لیںگے، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے سے مہنگائی بیروزگاری کا خاتمہ کرنے کے لئے جلد صنعتی پالیسی کا اعلان کررہی ہے جس سے صوبے میں صنعتی انقلاب برپا ہوگا اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا پرویز خٹک نے کہا کہ ہم زبانی اور کلامی باتوں پر یقین نہیں رکھتے ہم نے الیکشن کے دوران قوم سے جو وعدے کئے تھے وہ ایک ایک کرکے پورے کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ میں تیس سال سے سیاست کررہا ہوں ہر سیاسی جماعت غریب عوام کانعرہ لگارہی ہے مگر ہر دورمیں غریبوں کا استحصال ہوتارہا سابقہ ادوار میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں جن کے پاس کچھ نہیں تھا وہ اربوں کے مالک بن گئے۔