اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ ن کی طرف سے قومی اسمبلی کی سپیکر شپ کے لیے دوبارہ نامزد کیے گئے سردار ایاز صادق نے آج اسلام آباد میں جماعتِ اسلامی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اور گزشتہ ماہ اُن کے بیٹے کی وفات کے اندوہناک سانحہ پر اُن سے تعزیت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر زاہد حامد اور جماعتِ اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب خان بھی موجود تھے ۔ ایاز صادق نے اس موقع پر جماعتِ اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ سے سپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے موقع پر اپنی حمایت کا مطالبہ کیا، جسے باہمی مشاورت کے بعد قبول کرلیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جماعتِ اسلامی سپیکر شپ کے لیے انتخاب کے موقع پر ایاز صادق کو ووٹ دے گی۔ امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق پہلے ہی جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر کو اس حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار دے چکے ہیں۔