اسلام آباد(نیوز ڈیسک )گوگل میل نے اپنے ”آٹومیٹڈ جواب“ دینے کے آپشن میں ایک اور اضافہ کیا ہے جس کے تحت گوگل از خود آپ کی میل کا جواب دے سکتا ہے۔کمپنی نے مصنوعی ذہانت ( آرٹیفیشل انٹیلی جنس) پر مبنی ایک ٹول متعارف کرایا ہے جو ازخود آپ کی ای میل کا جواب دے سکتا ہے اس میں آپ 3 آپشن میں سے ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں جسے ” اسمارٹ رپلائی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ گوگل کمپیوٹر کو بنیادی باتیں سکھا کر انسانی ٹائپنگ کی مشقت میں کمی کرنا چاہتا ہے جس کے تحت یہ سافٹ ویئر بنایا گیا ہے۔اس ٹول میں سافٹ ویئر دھیرے دھیرے جواب دینا سیکھتا ہے اور درست جوابات کی جانب بڑھتا ہے۔ گوگل پراڈکٹ مینیجمنٹ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہیکہ کہا کہ مصنوعی ذہانت کا یہ سافٹ ویئر جواب لکھتے وقت متن اور اس کے انداز کا بھی خاص خیال رکھتا ہے۔ گوگل اسمارٹ رپلائی کی نئی سہولت میں مشین لرننگ کو مدِ نظر رکھا گیا ہے اور وہ جوابات کے لیے ای میل کی درجہ بندی از خود کرتی ہے، اس سے اسپیم اور فالتو ای میلز کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔واضح رہے کہ گوگل اپنے کئی پروجیکٹس کے لیے اے آئی استعمال کررہا ہے جن میں بغیر ڈرائیور کے کار قابلِ ذکر ہیں جب کہ پوری دنیا میں 40 کروڑ افراد جی میل استعمال کرتے ہیں اور یہ سروس تمام صارفین کو مفت میں فراہم کی جائے گی۔