اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیرِداخلہ چودھری نثار علی خان نے نے یورپین یونین کےساتھ ری ایڈمیشن معاہدے کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے. 2009میں طے پانےوالے معاہدے کے تحت یورپین یونین میں شامل ممالک سے غیر قانونی طور پر جانے والے اورقیام پذیر پاکستانیوں کو ملک واپس بھیجا جاتا تھا۔ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق معاہدے کے تحت کسی بھی پاکستانی کو یورپین یونین میں شامل ممالک سے ڈی پورٹ کرنے سے پہلے حکومت پاکستان سے اس کی شہریت کی تصدیق لازمی قرار پائی تھی۔بیان میں کہا گیاکہ کچھ عرصے سے چند ممالک کی طرف سے معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِداخلہ نے معاہدے کو معطل کر نے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر داخلہ کہا کہ غیر ملک میں پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں والا سلوک ناقابلِ قبول ہے انہوںنے کہاکہ ہم انہی لوگوں کو واپس آنے کی اجازت دیں گے جن کے کوائف اور پاکستانی ہونے کی مکمل تصدیق ہو گی۔ آئندہ کسی ایسے شخص کو قبول نہیں کیا جائے گا جس کے خلاف غیر ملک میں دہشت گردی کا الزام ہو تاوقتیکہ متعلقہ ملک پاکستان کو تما م ثبوت فراہم نہ کرے۔