اسلام آباد(نیوزڈیسک) تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اسپیکر کے عہدے کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی ووٹ کی درخواست کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی سے درخواست کریں گے کہ اپوزیشن کے امیدوار کو سپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس حلقہ 122 سے ووٹوں کی منتقلی کے ثبوت آ چکے ہیں۔ 2013ء کے بعد حلقے میں 25 ہزار نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا جبکہ 4 ہزار ووٹ حلقے سے باہر منتقل کئے گئے۔ الیکشن کمیشن نے خود تسلیم کیا کہ صرف 800 ووٹرز نے ووٹوں کی منتقلی کیلئے درخواست کی تھی۔ الیکشن کمیشن صاف، شفاف بلدیاتی انتخابات کرانے میں ناکام رہا۔ پنجاب میں پولیس اور انتظامیہ کو نون لیگ کے حق میں استعمال کیا گیا۔ بلدیاتی انتخابات میں 13،13 سال کے بچوں نے ووٹ ڈالا جبکہ تحریک انصاف کے 11 کارکنوں کو شہید کیا گیا۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی مصروفیت کے باعث ملاقات نہیں ہو سکی۔ انہیں اپنی گزارشات تحریری صورت میں بھجوا دیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایل این جی کے معاملے پر شکوک و شبہات موجود ہیں۔ حکومت یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لائے۔