پشاور(نیوز ڈیسک) گزشتہ ماہ خیبر پختونخو اور ملک کے بالائی علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد آفٹرشاکس آنے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی سوات اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق سوات اور گردونواح میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی جب کہ زمین میں اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ کوہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔زلزلے کے بعد لوگ خوف و ہراس کے باعث گھروں سے باہر آ گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں آنے والے 7.5 شدت کے زلزلے سے تقریباً 250 افراد جاں بحق جب کہ 1800 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔