اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کے جوہری پروگرام پر شور مچانے والا بھارت خود ایک وسیع جوہری پروگرام پر عمل پیرا ہے .امریکی تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ انٹرنیشنل سیکیورٹی نامی تھنک ٹینک کے مطابق بھارت کا نیوکلیئر پروگرام پلوٹونیم پر انحصار رکھتا ہے اور سول نیوکلیئر پروگرام کے تحت اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے نام پر بھارت پلوٹونیم کی اتنی بھاری مقدار افزودہ کر لیتا ہے جو جوہری ہتھیار بنانے کے کام آتی ہے.بھارت کا جوہری پروگرام ترقی پذیر ممالک میں سب سے وسیع ہے اور وہ فرانس کے بعد دوسرا ملک ہے جو پلوٹونیم اور یورینیم دونوں افزودہ کرتا اور جوہری ہتھیار بناتا ہے .بھارت کے پلوٹونیم ذخائر اتنے ہیں کہ وہ با آسانی ایک سو پچیس ایٹمی ہتھیار بنا سکتا ہے . پلوٹونیم بھاری ہوتا ہے اور بڑے جوہری ہتھیار بنانے کے کام آتا ہے . امریکی تھنک ٹینک کا خیال ہے کہ بھارت کے پاس اس وقت ستانوے بڑے جوہری بم موجود ہیں جو دنیا بالخصوص جنوبی ایشیا کےامن کیلیے بڑا خطرہ ہے.