کھٹمنڈو(نیوزڈیسک)نیپال میں پولیس نے بھارت کے ساتھ نیپالی سرحد پر واقع ایک چوکی سے مظاہرین کو ہٹا دیا ہے تاکہ وہاں کھڑے ٹرک بھارت جا سکیں۔امریکی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے پولیس اہلکار ہوبندرا بوگاتی نے کہاکہ مظاہرین کے ہٹانے کے دوران پانچ مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے اور بھارت اور نیپال کے درمیان کسٹم چوکی کے پل پر بنائے جانے والے خیموں کو ہٹا دیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ اس کے بعد دو سو سے زیادہ ٹرک نیپال میں بیرگنج سے بھارتی شہر رکسول پہنچے جبکہ بہت سے دوسرے ابھی بھی قطار میں ہیں۔دوسری جانب بعض مظاہرین نے کہا کہ پولیس نے ان کے خلاف لاٹھی کا استعمال کیا اور رکاوٹ کو ختم کرنے کے لیے قوت استعمال کی۔مظاہرے میں شامل مقامی پارٹی کے جنرل سیکریٹری شیو پٹیل نے بتایاکہ پولیس نے مظاہرین کو مارا پیٹا اور ہمارے خیموں کو نذر آتش کر دیا اور زبردستی سرحد کھل دی تاکہ ٹرک جا سکیں۔اطلاعات کے مطابق بھارت سے ایندھن اور دوسرے سامان لے جانے والے ٹرکوں کو بھارتی کسٹم اہلکاروں نے ابھی بھی روک رکھا ہے۔