ایتھنز(نیوز ڈیسک) یونان کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی ، حادثے میں 11مہاجرین جاں بحق ہوگئے، یونانی حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ جزیرے ساموس کے قریب سمندری علاقے میں پیش آیا، ڈوبنے والوں میں 4 نوزائیدہ بچوں سمیت 6 کم سن بھی شامل تھے۔کشتی کے کیبن سے 10 افراد کی لاشیں برآمد کرلیا گیا ہے، یہ افراد کشتی کے الٹنے کے بعد کیبن میں محفوظ ہونے کے لیے داخل ہوئے اور پانی بھرنے کے بعد وہ بھی زندگیاں نہ بچا سکے۔یونانی کوسٹ گارڈز نے 15 مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے سے بچایا بھی ہے۔ دو روز قبل بحیرہ ایجئین میں 22مہاجرین ڈوب گئے تھے جس میں17 بچے شامل تھے۔