لاہور( این این آئی)عمران خان کادبنگ فیصلہ،پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے خصوصاً پنجاب اور لاہور کے نتائج کے بعد فیصلہ سازی کے تمام معاملات کو براہ راست اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر لیا ،بعض پارٹی رہنماﺅں کی ذمہ داریوں میں بھی تبدیلی کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا جس کے لئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب خصوصاً لاہور سے اپنے حق میں نتائج کی امیدیں لگائے بیٹھی تھی تاہم غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج نے پی ٹی آئی کی صفوں میں بے چینی کی لہر دوڑا دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نتائج یقیناعمران خان کے لئے بھی پریشانی کا باعث ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آنے والے دنوں میں اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے بعض ذمہ دار عہدیداروں کی طرف سے زمینی حقائق کے برعکس فیصلوں کی شکایات پر فیصلہ سازی کے تمام معاملات کو براہ راست اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ خصوصا ً بلدیاتی انتخابات کے آئندہ کے مراحل کے لئے عمران خان خود متحرک ہوںگے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسی تناظر میں پارٹی میں بعض رہنماﺅں کی ذمہ داریوں میںتبدیلی بھی کی جائے گی جس کے لئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے ۔ حالیہ انتخابی نتائج کے حوالے سے رواں ہفتے میںپارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے جس میں عمران خان ذمہ داروں سے نتائج بارے پوچھ گچھ کریں گے ۔