لاہور(نیوزڈیسک )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کا نوٹس لیتے ہوئے چوہدری سرور سے چاردن میں وضاحت طلب کرلی۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کی شکست پر پنجاب کے رہنماﺅں پرسخت برہمی کااظہارکرتے ہوئے پی ٹی آئی پنجاب کے آرگنائزر چیف چوہدری سرورکو چار دن میں شکست کے اسباب سے آگاہ کرنے کا کہا ہے ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی غلط تقسیم کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں ناکامی کاسامنا کرنا پڑا،انتخابی مہم بھی اس طریقے سے نہیں چلائی گئی جس جوش و جذبے سے چلائی جانی چاہیے تھی۔ ذرائع کے مطابق شکست کی وجہ بننے والے رہنماﺅں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیاہے۔