خیبر (این این آئی)خیبر کی تحصیل باڑہ میں مبینہ گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی غیرملکی خاتون کو بازیاب کروا لیا گیا
اس حوالے سے سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ فرانسیسی خاتون کی عمر 54 سال ہے، خیبر پولیس نے 18 جون کو موصول ہونے والی اطلاع پر گھر پر چھاپہ مارا، گھر میں مبینہ طور پر غیرملکی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ غیرملکی خاتون نے پاکستانی شہری سے شادی کی تھی، فرانسیسی خاتون 2014 سے باڑہ میں مقیم تھیں، خاتون کے مطابق انہیں مبینہ طور پر شوہر کی جانب سے بدسلوکی کا سامنا تھا، انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔سی سی پی اونے بتایا کہ فرانسیسی خاتون اور 4 بچوں کو تحویل میں لے کر پشاور منتقل کر دیا،
غیرملکی خاتون نے واپس فرانس جانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ سے متعلق مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے، فارن آفس کی وساطت سے فرانسیسی سفارت خانے کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، واقعے سے متعلق متاثرہ خاتون کے شوہر کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔



















































