ممبئی(نیوز ڈیسک) بھارت کی ایئر لائن انڈیگو نے لباس کوڈ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختصر لباس پہننے والی خاتون کو اس کا لباس قابل اعتراض قرار دے کر سفر کرنے سے روک دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈیگو ایئر لائن کی سابقہ خاتون ملازم ممبئی سے دہلی جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچی جہاں اس نے مختصر لباس پہن رکھا تھا جس پر ایئرلائن نے اس لباس کو ڈریس کوڈ کے خلاف قرار دیتے ہوئے خاتون کو سفر کرنے سے روک دیا۔ کمپنی کے مطابق ہر خاتون ملازم کو گھٹنوں سے نیچے تک اسکرٹ پہننا لازمی ہوتا ہے لیکن خاتون کا اسکرٹ گھٹنوں سے اوپر تھا اس لیے اسے جہاز میں سوار نہیں ہونے دیا گیا جب کہ اس واقعہ کے بعد خاتون اس پرواز میں روانہ نہیں ہوسکی تاہم لباس کے درستگی کے بعد اسے دوسری پرواز سے روانہ کردیا گیا۔ ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے سابقہ ملازمہ اور موجودہ ملازم کے رشتے دار خاتون سے ایئر پورٹ پر ہونے والے واقعہ پر معذرت کرتی ہے تاہم ایئر پورٹ پر اسٹاف ممبر کا طرز عمل ان رہنما اصولوں کے مطابق تھا جس کی پابندی کرنا ہرکمپنی ملازم اور کمپنی کی دی گئی مفت سفر کی سہولت کے تحت اس کے رشتے دار کو ڈریس کوڈ کی پابندی کرنا ضروری ہے