نیو یارک(نیوز ڈیسک)ذیابیطیس سے بچاو کے لئے استعمال کی جانے والی چند ادویات کے استعمال سے اس مرض میں مبتلا افراد میں ہڈیوں کے ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔طبی ماہرین کی رپورٹ کے مطابق ذیابیطیس سے بچاو کے لئے موءثر خیال کی جانے والی دوا ’روزیگلیٹازون‘ مریض کی ہڈیوں میں چربی کی مقدار کو بڑھا دیتی ہے۔یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا کے سکول آ ف میڈیسن کی اسسٹنٹ پروفیسر مایا سٹینر نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہمیں ذیابیطیس کی دوا اور اس کے مریض کی صحت پر اثرات کا جائزہ لینا ہو گا۔پروفیسر مایا کا کہنا ہے کہ روزیگلیٹازو ن خون میںگلوکوز کی مقدار کو کم کر کے بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔تاہم اس کے استعمال سے ہڈیوں میں چربی کی مقدار اس حد تک بڑھ جاتی ہے کہ ان کے ٹوٹنے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔دیگر محققین کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ دوائی کے استعمال سے پیدا ہونے والی چربی مریض کے ٹشوز میںجمع ہو جاتی ہے جو پیٹ کی چربی میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔علاوہ ازیں محققین کا کہنا ہے کہ ذیابیطیس سے بچاوکی دوا کے منفی اثرات پر قابو پانے کا بہترین حل ورزش ہے۔انکا کہنا ہے کہ اس دوا کو استعمال کرنے والے افراد اگر ورزش کو اپنا معمول بنا لیں تو دوا کے منفی اثرات سے بڑی حد تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔