کراچی (نیوز ڈیسک)سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کی 12رکنی ٹیم ڈاکٹر ادیب رضوی کی سربراہی میں آج شیخ خلیفہ بن زید النہیان اسپتال، مینگورہ سوات پہنچے گی۔ یہ ٹیم سرجنز، نیفرالوجسٹ، ہیپاٹالوجسٹ، لیبارٹری، انتہائی نگہداشت کے ماہرین اور ٹیکنیشن عملہ پر مشتمل ہے جو زلزلہ سے متاثرہ مریضوں کو طبّی امداد فراہم کرے گی۔ایس آئی یو ٹی کے اعلامیے کے مطابق 2005ءمیں زلزلے میں بھی ایس آئی یو ٹی کی ٹیم نے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور مظفر آباد میں طبّی امداد فراہم کی تھی۔ جبکہ مظفر آباد میں ایک ڈائیلائسز سینٹر بھی قائم کیا گیا تھا جو گزشتہ 10سال سے آزاد کشمیر اور ملحقہ علاقے کے مریضوں کو مفت ڈائیلائسز کی سہولتیں فراہم کر رہا ہے