کراچی(نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ سندھ سیّد قائم علی شاہ اور وزیر بلدیات و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سیّد ناصر حسین شاہ نے ڈینگی سے بچاو کیلئے واٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ اداروںکو موثر اور جامع اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ضلع میں فراہمی ونکاسی آب کی مین ٹرنک لائنوں ، پمپنگ اسٹیشنز ، ریزروائرز اور واٹر بورڈ کی تمام تنصیبات کی مانیٹرنگ کریں اور جہاں کہیں بھی فراہمی آب کی لائنوں میں لیکجز ہوں تو وقت ضائع کئے بغیر ان کی فوری مرمت کروائیں اور رساو کی جگہ سے کھڑے ہونے والے پانی کو فوری طور پر بلا تاخیر صاف کرایا جائے تاکہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے۔انہوں نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھروں سے بچاو کیلئے واٹر بورڈ کے تمام حساس مقامات کی نگرانی کی جائے اور ان کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔