انقرہ(نیوز ڈیسک) ترکی پاکستان کو 34 ٹی-37 لڑاکا جنگی طیارے اور ان کے اسپئیر پارٹس فراہم کرےگا۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق ترکی پاکستان کو 34 ٹی- 37 ہلکی نوعیت کے جنگی طیارے اور اس کے اسپئیر پارٹس مفت فراہم کرے گاجب کہ اس حوالے سے ہونے والے تاریخی معاہدے پر دستخط پاک ترکی اعلیٰ سطح کے عسکری گروپ کے گیارہویں اجلاس کے اختتام میں کیے گئے۔وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ٹی-37 جیٹ ٹرینر اور کامبیٹ طیارہ ہے اور ترکی نے پاکستان کی خواہش پر ایسے 34 طیارے اور اسپئیر پارٹس فری دینے کا معاہدہ کیا ہے جب کہ سیکریٹری دفاع محمد عالم خٹک نے اجلاس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے دونوں جانب سے ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سیکریٹری دفاع نے دونوں ملکوں کی دفاعی صنعت کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی بھی خواہش ظاہر کی۔