امرتسر (نیوزڈیسک)بھارتی پنجاب کے سکھ تنظیموں نے مقدس مذہبی کتاب کی بے حرمتی کے واقعہ کی تحقیقات کےلئے عدالتی کمیشن کے قیام کو مسترد کر دیا ہے اور کہاہے کہ یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے . آج تک کوئی کمیشن مطلوبہ نتائج نہیں دے سکا ۔سکھ تنظیم دل خالصہ کے سربراہ ایچ ایس دھامی نے کہاکہ دو ہفتے گزر چکے ہیں اور اب چیف جسٹس ریٹائرڈ جورا سنگھ پر مشتمل کمیشن قائم کیا گیا ہے لیکن اس کا بھی اب تک نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا جس سے حکومت کی سنجیدگی کا پتہ چلتا ہے انہوںنے کہاکہ بھارت کی روایت رہی ہے کہ سیاسی جماعتیں ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل کمیشن بناتی ہیں تاکہ وقت حاصل کیا جاسکے اور اب تک کسی کمیشن کا کوئی با مقصد نتیجہ نہیں نکلا ۔واضح رہے کہ بھارتی پنجاب میں سکھوں کی مذہبی کتاب گروگرنتھ کی بے حرمتی کے کئی واقعات ہو چکے ہیں جن پر سکھ برادری شدید مشتعل ہے ۔