اسلام آباد (نیوز ڈیسک): بنگلورو کے ایک میڈیکل کالج میں پیش آنے والے غیر معمولی واقعے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی، جہاں ایک پروفیسر کی جانب سے طالبہ کو کلاس کے اندر شادی کی پیشکش مہنگی پڑ گئی۔
بھارتی میڈیا، خصوصاً این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لیکچر کے دوران پروفیسر نے اچانک طالبہ سے اپنے جذبات کا اظہار کیا، جس پر طالبہ نے فوراً اعتراض کرتے ہوئے اس عمل کو نامناسب قرار دیا۔ اس دوران دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروفیسر یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ طالبہ نے اس سے محبت کا اظہار کیا تھا، تاہم طالبہ نے اس بات کو سختی سے مسترد کر دیا۔ ایک موقع پر پروفیسر مائیک کے ذریعے کلاس میں اعلان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ اپنی ایک طالبہ کو شادی کی پیشکش کرنا چاہتا ہے۔
واقعہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بحث بڑھ گئی، جس کے بعد ویڈیو کے ایک حصے میں طالبہ کو دیگر طلبہ کے ساتھ مل کر پروفیسر پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں اسے تھپڑوں اور چپل سے مارا گیا۔



















































