اسلام آباد(نیوز ڈیسک )افغان طالبان نے طویل جھڑپ کے بعد افغانستان کے شمالی صوبے تخار کے دارالحکومت درقد پر قبضے کر لیا ہے۔ طالبان جنگجووں اور حکومتی فورسز کے درمیان 6 گھنٹے تک درقد پر قبضے کی جنگ جاری رہی۔ صبح کے وقت حکومتی سکیورٹی فورسز درقد شہر کے مرکزی حصے سے پیچھے ہٹ گئیں۔ اِس کے بعد طالبان نے شہر پر اپنا جھنڈا لہرا دیا۔ تخار صوبے کی پولیس کے ترجمان خلیل آصف کے مطابق طالبان نے شہر کے مرکز پر کئی اطراف سے حملہ کیا اور اِسی باعث وہ قبضہ کرنے میں کامیاب رہے۔ طالبان کے مطابق درقد پر حملے کے دوران ایک درجن پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا۔ تخار کا صوبہ افغانستان کے انتہائی شورش زدہ صوبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔