مکہ مکرمہ(آن لائن)مکہ مکرمہ سے حجاج کرام کی واپسی کے بعد مسجد الحرام میں مطاف کے توسیعی کام کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔چودہ ہزار سے زیادہ انجنئیرز ،ٹیکنیشنز اور مزدور چوبیس گھنٹے مطاف کے توسیعی منصوبے پر کام کررہے ہیں۔اس کی تکمیل کے بعد ایک گھنٹے میں بیک وقت ایک لاکھ پانچ ہزار فرزندان توحید کعب? اللہ کا طواف کرسکیں گے۔غےر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیرونی حصے کو مسجد الحرام کی بالائی منزلوں سے ملانے والے پلوں کی تزئین وآرائش کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے۔اس کے علاوہ مطاف کی زیریں منزل ،باب الفتح ،باب العمرہ اور باب شاہ عبدالعزیز کی تزئین وآرائش کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔مسجد الحرام کے ان حصوں میں برقی میکنیکی نظام ،مرکزی ائیر کنڈیشننگ نظام ،ہوا کے اخراج اور آمد ،برقی قمقموں ،آواز کے نظام ،گھڑیالوں اور نگرانی کے کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مسجد الحرام میں شاہ عبداللہ حرم توسیعی منصوبے کے تحت مزید جگہوں کو شامل کیا گیا ہے اور اس پر نئی تعمیرات کی گئی ہیں جس کے بعد اب مسجد الحرام میں مزید قریباً پانچ لاکھ نمازی بیک وقت نماز ادا کرسکیں گے۔