نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارتی وزارت امور خارجہ نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ ایدھی فاﺅنڈیشن نے بھارتی وزیراعظم کی طرف سے ایک کروڑ روپے کاعطیہ قبول کر نے سے معذرت کرلی ہے اور ترجمان وکاس سوارپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بلقیس ایدھی نے یہ عطیہ قبول کرلیا ہے ۔سوارپ نے میڈیا اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی نے اس عطیہ کا اعلان کیا تھا اور بلقیس ایدھی نے واضح طورپر کہا تھا کہ وہ شکریہ کے ساتھ یہ عطیہ قبول کرتی ہیں ۔واضح رہے کہ ایدھی فاﺅنڈیشن کے ترجمان انور کاظمی کے حوالے سے میڈیا میں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ ایدھی فاﺅنڈیشن نے ایک کروڑ روپے کا عطیہ قبول کر نے سے انکار کر دیا ہے بھارتی وزیراعظم نے اس عطیہ کا اعلان اپنے ٹوئٹ میں کیا تھا جس میں انہوںنے کہا تھا کہ ایدھی خاندان نے جوکچھ کیا ہے وہ انمول ہے تاہم مجھے فاﺅنڈیشن کےلئے ایک کروڑ روپے کااعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے ۔