دبئی(آن لائن)یمن کی سرحد سے حوثی باغیوں کی سعودی عرب میں داخلے کی متعدد کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے سعودی فوج نے سرحدی علاقوں میں کئی مقامات پر سرنگوں اور زیر زمین اسلحہ کے بھاری ذخائر کا پتا چلایا ہے۔العربیہ ٹی وی نے سعودی حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بارڈر فورسز کے اہلکار یمن کی 1500 کلومیٹر پر پھیلی سرحد کی مکمل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز اطلاعات ملی تھیں کہ الحرث گورنری اور جازان کےآبادی سے خالی ہونے والے علاقوں میں حوثی باغیوں نے دراندازی کی کوششیں کی تھیں۔ دشمن کی دراندازی کی کوششوں کا مقصد سعودی عرب کے اندر گھس کر بارودی سرنگیں بچھانا، کاٹیوشا اور ھاون راکٹ داغنے کے لیے لانچنگ پیٹ نصب کرنا اور سعودی افواج پر حملے کرنا مگر دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھاتے ہوئے پسپا ہونا پڑا ہے۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یمن سے متصل سرحد کی دن رات خفیہ آلات، ہمہ وقت متحرک فوج اور بغیر پائلٹ ڈرون طیاروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ سرحد پار سے حوثی دراندازی کی کوششوں میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نجران اور عسیر کے پہاڑی علاقوں میں حوثیوں کی خفیہ سرنگوں اور زیر زمین اسلحہ ذخائر کا بھی پتا چلا ہے۔ حوثی شدت پسند اس اسلحہ اور سرنگوں کو سعودی عرب کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کررہے ہیں مگر سعودی بارڈر فورس نے دشمن کی اس چال کو بھی ناکام بنا دیا ہے۔