اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور نرخ نئی بلند ترین سطحوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں سونا فی اونس تقریباً 5600 ڈالر کی ریکارڈ قیمت کو چھو رہا ہے، جبکہ گزشتہ روز اس کی قیمت 5293 ڈالر فی اونس رہی تھی۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی، معاشی بے یقینی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان اس تیزی کی بڑی وجوہات ہیں۔بین الاقوامی منڈی میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی نمایاں ہونے کی توقع ہے، جہاں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور اس کے 5 لاکھ 90 ہزار روپے سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ادھر چاندی کی قیمتیں بھی ملکی اور عالمی دونوں سطحوں پر بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں آج چاندی کے نرخ تقریباً 120 ڈالر فی اونس کے قریب ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جب قیمت میں 21 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور نرخ 5 لاکھ 51 ہزار 961 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آج سونے کی قیمت میں مزید 30 ہزار روپے سے زیادہ اضافے کا خدشہ موجود ہے۔















































