لاہور (این این آئی)معروف ٹرانس جینڈر ڈانسر اور پرفارمر مہک ملک نے اپنے معاوضے سے متعلق ایسا انکشاف کیا ہے جس نے شوبز کی دنیا میں خاصی توجہ حاصل کرلی ہے۔مہک ملک کا کہنا ہے کہ وہ ایک ڈرامے کے لیے اتنی رقم وصول کرتی ہیں جو ایک آلٹو گاڑی کی قیمت سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔ایک انٹرویو میں میزبان کے کمائی کے حوالے سے سوال پر مہک ملک نے کہا کہ جیسے آج کل کئی یوٹیوبرز دعوی کرتے ہیں کہ ان کی ماہانہ آمدن سے وہ ایک، دو یا تین آلٹو گاڑیاں خرید سکتے ہیں، اسی طرح وہ بھی ایک ڈرامے کے معاوضے سے اتنی کمائی کرتی ہیں کہ اس رقم سے ایک یا ڈیڑھ آلٹو گاڑی کی قیمت پوری ہو جاتی ہے۔
جب میزبان نے ان سے سینئر اداکارہ نرگس کے معاوضے کے بارے میں موازنہ کرنے کو کہا، تو مہک ملک نے وضاحت کی کہ وہ نرگس سے کبھی نہیں ملیں اور ان کے معاوضے کے بارے میں کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتیں، تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کا اپنا معاوضہ بیس لاکھ روپے سے زائد ہے۔















































