نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں خاتون نے شوہر اور چار سسرالیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایف آئی آر میں ان افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے شوہر کا گنج پن چھپا کر 2024میں شادی کیلئے دھوکہ دیا ہے۔اہلیہ نے دعوی کیا کہ شادی سے قبل سنیام جین اور ان کے خاندان نے ان کے ظاہری دِکھنے، تعلیم اور معاشی احوال سے متعلق متعدد تفصیلات کو چھپایا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ شادی کے بعد خاتون کے علم میں یہ بات آئی کہ ان کے خاوند صرف 12ویں پاس ہیں جبکہ ان کے بائیو ڈیٹا میں بی کام کی ڈگری درج تھی۔ انہوں نے 18لاکھ بھارتی روپے آمدنی سے متعلق بھی دھوکے میں رکھا۔ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ انہوں نے جب شادی کیلئے حامی بھری تو ان کو بتایا گیا تھا کہ سنیام کے گھنے بال ہیں لیکن بعد ازاں ان کو معلوم ہوا کہ ان کے خاوند گنجے ہیں اور گنج پن چھپانے کیلئے وِگ لگاتے ہیں۔خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے خاوند نے ایک بیرون ملک سفر کے دوران ان کو زد و کوب بھی کیا اور تھائی لینڈ سے بھارت بھنگ لانے کے لیے دبائو ڈالا۔















































