اسلام آبا د(نیوز ڈیسک) کویت اور عمان کی حکومتوں نے اسرا و معراج کے موقع پر 18 جنوری کو سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات میں اس دن عام چھٹی نہیں ہوگی۔ اسرا و معراج کی رات دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نہایت مقدس حیثیت رکھتی ہے، جو 27 رجب 1447 ہجری کی شب منائی جائے گی۔
شبِ معراج اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور روحانی واقعہ ہے، جس کی یاد میں یہ رات عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے۔ اسلامی روایات کے مطابق اسی رات رسول اللہ ﷺ کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے معجزانہ سفر کا شرف حاصل ہوا۔روایات کے مطابق نبی کریم ﷺ نے اس مقدس سفر کا آغاز مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام سے کیا اور مسجد اقصیٰ، بیت المقدس تک تشریف لے گئے، جس کے بعد معراج کا مرحلہ پیش آیا۔ یہ رات مسلمانوں کے لیے ایمان، عبادت اور روحانی قربت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔















































