اسلام آباد/کراچی(این این آئی)ریجنل ٹیکس آفس ـII کراچی نے ان لینڈ ریونیو انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن کے اشتراک سے کی گئی انفورسمنٹ کی ایک کارروائی میں جعلی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (TTS) اسٹیمپس والی چینی کی ترسیل کرنے والے تین ٹرکوں کو ضبط کر لیا۔یہ کارروائی قومی شاہراہ پر واقع سسی ٹول پلازہ پر کی گئی جہاں تین ٹرکوں میں بظاہر چمبر شوگر ملز کے مجموعی طور پر 1800 چینی کی بوریاں موجود پائیں گئی۔
ضبط کیے جانے والے ٹرکوں کے رجسٹریشن نمبرز TKAـ042، SDAـ899 اور AEـ1488 ہیں۔یہ کاروائی ٹریک اینڈ ٹریس نظام پر عملدرآمد کو یقینی بنانے، ٹیکس چوری کی روک تھام اور اشیائے ضروریہ کی غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ جعلی ٹی ٹی ایس اسٹیمپس کی نشاندہی پر گاڑیوں کو فوری طور پر تحویل میں لے کر مزید تفتیش اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے آر ٹی اوـII، کے نیپا نیپا پریمسسز میں منتقل کر دیا گیا۔مزید کارروائی متعلقہ قوانین اور ضوابط کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔















































