اسلام آباد(این این آئی)ابھرتی ہوئی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شائے گل ایک لائیو کنسرٹ کے دوران زخمی ہو گئیں، یہ واقعہ پارک ویو سٹی اسلام آباد میں جاری ان کی پرفارمنس کے دوران پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق لائیو کنسرٹ کے دوران ایک تیز رفتار اور بے قابو ڈرون اچانک شائے گل کے ہاتھ سے ٹکرا گیا، مذکورہ ڈرون کنسرٹ کی ریکارڈنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا اور پرفارمنس کے دوران گلوکارہ کے بے حد قریب آ گیا، اسی دوران ڈرون آپریٹر کے کنٹرول سے باہر ہو کر تیز رفتاری کے باعث شائے گل کے ہاتھ سے ٹکرا گیا۔حادثے کے بعد کنسرٹ میں کچھ دیر کے لیے تشویش کی فضا پیدا ہو گئی تاہم شائے گل نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں کو تسلی دی کہ وہ اب بالکل خیریت سے ہیں اور کسی سنگین چوٹ سے محفوظ رہیں۔
شائے گل نے اپنے پیغام میں کہاکہ میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ سب کی دعاں اور خیریت پوچھنے کا بے حد شکریہ گلوکارہ نے واقعے کے بعد ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں ان کی کلائی اور ہاتھوں پر کٹ کے نشانات اور خون کے دھبے دیکھے جا سکتے ہیں۔کنسرٹ کے منتظمین کے مطابق یہ حادثہ ایک غیر پیشہ ور اور ناتجربہ کار ڈرون آپریٹر کی وجہ سے پیش آیا جس کے باعث ڈرون کنٹرول سے باہر ہو گیا، دوسری جانب مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنے بڑے کنسرٹ میں ناتجربہ کار ڈرون آپریٹر کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔















































