اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ رہنما حسن علی کھوکھر نے اپنی جماعت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ماڈل ٹاؤن میں واقع پیپلز سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کی موجودگی میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ان میں سمبڑیال سے ٹی ایل پی کے ٹکٹ ہولڈر ساجد رحمانی، عبید اللہ طور، شاہد عمران ایڈووکیٹ، عندلیب اشرف، اشرف شاہین، اقبال نقوی، ثوبیہ ملک، حوریہ کنسٹرکشن کمپنی کے چیئرمین محمد صدیق اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حسن علی کھوکھر شامل تھے۔
اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو پارٹی مفلر پہنائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل بات چیت اور مذاکرات ہیں۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر زور دیا کہ قومی مفاد میں مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو ملکی سلامتی یا ساکھ کے لیے نقصان دہ ہوں یا افراتفری کا باعث بنیں۔انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح قومی ادارے کے ملازمین کے حقوق اور روزگار کا تحفظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملازمین کے مفادات محفوظ رہیں تو اصلاحات پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا کام براہِ راست کاروبار کرنا نہیں بلکہ ایسی فضا قائم کرنا ہے جہاں کاروباری سرگرمیاں فروغ پا سکیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش ایک مثبت اور دانشمندانہ قدم ہے۔راجہ پرویز اشرف نے ملکی دفاع کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج کی کامیابیوں کے پیچھے پوری قوم کو مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے۔ اس سے قبل چرچ میں کرسمس کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور عقائد کے ماننے والوں کا مشترکہ وطن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں، اس کے بعد مسلمان یا مسیحی کی شناخت آتی ہے۔ تمام مذاہب محبت، بھائی چارے اور ایک دوسرے کی مدد کا درس دیتے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے اعتماد کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی واضح اکثریت حاصل کرے گی، کیونکہ پیپلز پارٹی ایک خاندان کی مانند ہے جہاں سب برابر ہیں اور کسی میں چھوٹا بڑا نہیں۔















































