اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے شوہر کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے اہم سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق عدالت کی جج نادیہ اکرام ملک نے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس کے تحت مقتول کی اہلیہ کو قتل کے جرم میں عمر قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، جبکہ اس کے ساتھی ملزم جنید بھٹی کو سزائے موت اور 4 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمہ ثانیہ کو شواہد مٹانے کے الزام میں مزید 7 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانہ، جبکہ قتل کی سازش میں ملوث ہونے پر بھی 7 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔ دوسری جانب جنید بھٹی کو غیر قانونی طور پر گھر میں داخل ہونے کے جرم میں 7 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانہ بھی سنایا گیا۔
عدالت نے واضح ہدایت دی کہ سزائے موت کے مجرم کو اس وقت تک پھانسی دی جائے جب تک اس کی موت واقع نہ ہو۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ تھانہ صادق آباد پولیس نے 27 اپریل 2025 کو درج کیا تھا، اور فیصلے کے بعد دونوں سزا یافتہ ملزمان کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔















































