اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے جہاں ٹریفک پولیس کی جانب سے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہیں پنجاب حکومت نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں نمایاں سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت نے پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز کے اوقات کار بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان سمیت تمام بڑے شہروں میں اب لائسنسنگ سینٹرز چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو زیادہ سہولت دینا اور رش کو کم کرنا ہے۔
اسی طرح چھوٹے شہروں میں بھی نظام الاوقات میں تبدیلی کی گئی ہے، جہاں ڈرائیونگ لائسنس مراکز صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد آسانی سے لائسنس بنوا سکیں اور جرمانوں سے محفوظ رہیں۔
شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوقات کار میں اضافے سے انہیں بڑی سہولت ملے گی اور وہ اپنی مصروفیات کے مطابق کسی بھی وقت لائسنس کے لیے رجوع کر سکیں گے۔
دوسری جانب پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید سے متعلق ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ڈی ایل آئی ایم ایس) نے سرکاری فیسوں کی تفصیل بھی جاری کر دی ہے۔ پہلی مرتبہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی فیس 400 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ تجدید کے لیے 200 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
کار یا جیپ کے لائسنس کے لیے فیس 1350 روپے رکھی گئی ہے اور اس کی تجدید پر 675 روپے وصول کیے جائیں گے۔ اسی طرح لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل یا کمرشل گاڑیوں کے لائسنس کی فیس نسبتاً زیادہ ہے، جہاں نئے لائسنس کے لیے 2480 روپے اور تجدید کے لیے 1240 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔















































