اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) کے ملازمین کے لیے ایک نیا خصوصی ماہانہ الاؤنس منظور کر لیا ہے۔
جاری ہونے والے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف گریڈز کے ملازمین کو درج ذیل الاؤنس دیا جائے گا:
گریڈ 20 کے افسران کو ماہانہ 1 لاکھ 50 ہزار روپے
گریڈ 19 کے افسران کو 1 لاکھ 25 ہزار روپے
گریڈ 18 کے افسران کو 1 لاکھ روپے
گریڈ 17 کے افسران کو 75 ہزار روپے
جبکہ گریڈ 16 سے گریڈ 7 کے عملے کو 20 ہزار سے 50 ہزار روپے تک الاؤنس ملے گا۔
نوٹیفکیشن میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ یہ خصوصی الاؤنس پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS)، پولیس سروس آف پاکستان (PSP) اور پراونشل مینجمنٹ سروس (PMS) کے افسران پر لاگو نہیں ہوگا۔
پنجاب بھر میں تجاوزات کے خاتمے، قیمتوں کی نگرانی اور مؤثر ریگولیٹری کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے PERA کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اس الاؤنس کے لیے تمام مالی وسائل اتھارٹی کے اپنے موجودہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔
سرکاری افسران کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد اتھارٹی کی آپریشنل استعداد بڑھانا اور صوبے میں قواعد و ضوابط پر عمل درآمد مزید مؤثر بنانا ہے۔















































