اسلام آباد (نیو ز ڈیسک) محکمہ پاسپورٹس نے ملک بھر میں درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کی نگرانی کے لیے ایک نیا جدید نظام متعارف کرا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی پاسپورٹس کی ہدایات پر اسلام آباد ہیڈکوارٹر میں چوبیس گھنٹے فعال مانیٹرنگ روم قائم کردیا گیا ہے، جہاں جدید ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ کی سرگرمیوں کی نگرانی اور جانچ کی جائے گی۔اس سسٹم کے ذریعے پاکستان سمیت بیرونِ ملک موجود تمام پاسپورٹ سینٹروں میں جمع ہونے والی درخواستوں اور پاسپورٹ کی ترسیل کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گئی ہے۔ نیا نظام پاسپورٹ کی درخواست جمع ہونے سے لے کر اس کی ڈلیوری تک ہر مرحلے پر مکمل نظر رکھے گا۔
جدید مانیٹرنگ کے تحت پاسپورٹ دفاتر میں بڑھتے ہوئے رش کی خودکار شناخت بھی کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ اسٹاف کی کارکردگی، پاسپورٹ پرنٹنگ پراسیس، بیک لاگ اور مشینری کی حالت بھی نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کے مطابق اس نئے ڈیجیٹل نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور عملے کی کارکردگی سے لے کر شہریوں کے رش تک تمام پہلوؤں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی، جبکہ مانیٹرنگ کے دوران سامنے آنے والے مسائل کو فوراً حل کرنے کا طریقہ بھی وضع کر دیا گیا ہے۔















































