اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سرکاری نوکری کے متلاشی افراد کے لیے ایک اور مایوس کن اطلاع سامنے آگئی ہے۔
پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب صوبے میں نئی سرکاری بھرتیاں بنیادی پے اسکیل پر نہیں ہوں گی بلکہ ملازمین کو صرف یکمشت تنخواہ دی جائے گی۔
پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس (تنسیخ) بل 2025 اکثریت سے منظور کرلیا گیا، جس کے ذریعے 2018 کا سروس ریگولرائزیشن ایکٹ ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
بل میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری بھرتیوں کو روایتی بنیادی پے اسکیل کے بجائے پے پیکج سسٹم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ موجودہ پے اسکیل میکانزم کو ختم کرکے نئے طریقہ کار کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پنشن اور الاؤنسز کی مد میں بڑھتے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے یہ اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یکمشت پے سکیل سے صوبائی خزانے پر پڑنے والے اضافی اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، اور مستقبل کی بھرتیاں اسی نئے نظام کے تحت کی جائیں گی۔ بل کو مکمل نافذ العمل ہونے کے لیے گورنر پنجاب کی منظوری درکار ہوگی۔















































