اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے انکشاف کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو مرکز میں حکومت بنانے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم پی ٹی آئی نے یہ تجویز قبول نہیں کی۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ نے بذات خود پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کرکے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی ان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے اور وہ چاہیں تو حکومت بنا سکتے ہیں، لیکن پی ٹی آئی نے اس آفر کو رد کر دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ندیم افضل چن بھی پی ٹی آئی کے پاس گئے اور یہ پیغام پہنچایا کہ پیپلز پارٹی بغیر کسی شرط کے انہیں سپورٹ کرنے کے لیے آمادہ ہے، مگر اس کے باوجود تحریک انصاف نے اس تجویز سے فائدہ اٹھانے سے انکار کر دیا۔مصدق ملک کے مطابق پی ٹی آئی نہ حکومت بنانا چاہتی ہے، نہ اس کی ذمہ داری اٹھانا چاہتی ہے اور نہ ہی موجودہ نظام کو چلنے دینا چاہتی ہے، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ وہ دراصل چاہتی کیا ہے؟















































