اسلام آباد (نیوز ڈٰیسک)آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں اضافہ کیے جانے کے بعد امکان ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیٹرولیم مصنوعات پر او ایم سیز اور ڈیلرز کے مارجن میں 5 سے 10 فیصد اضافہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر تقریباً 2 روپے 56 پیسے تک اضافہ متوقع ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ہونے والے ای سی سی اجلاس میں یہ معاملہ زیرِ غور آیا، جہاں پیٹرولیم مصنوعات پر منافع بڑھانے کی تجویز منظور کی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بڑھائے گئے مارجن کا نصف حصہ فوری طور پر نافذ ہوگا جبکہ باقی اضافہ سسٹم کی ڈیجیٹائزیشن سے مشروط رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق منافع میں اس اضافے کے باعث عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔















































