اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مشہور یوٹیوبر سعد الرحمان، جنہیں ڈکی بھائی کے نام سے جانا جاتا ہے، جیل سے رہائی کے بعد عوام کے سامنے پیش ہو کر قوم سے معذرت کرلی۔ڈکی بھائی نے اپنے چینل پر جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھے کہ ان کی باتوں کا مقصد اپنے خلاف کیس کو درست ثابت کرنا ہے، تو وہ اس سوچ پر بھی معافی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ لوگوں کو ہنسانے اور تفریح فراہم کرنے کے لیے منفرد مواد لاتے رہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اگر کسی ویڈیو یا پروموشن سے غلط تاثر گیا یا کسی کو منفی اثر پڑا تو وہ اس پر دل سے معذرت خواہ ہیں۔ ڈکی بھائی کے مطابق اگر ان سے نادانستہ طور پر کوئی ایسا مواد اپلوڈ ہوا ہے جس کے اثرات ٹھیک نہ تھے تو وہ پوری قوم کے سامنے اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔اپنی گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ کیس سے متعلق تمام قانونی کارروائی میں بھرپور تعاون کریں گے اور عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی، اسے تسلیم کریں گے۔یاد رہے کہ 17 اگست کو انہیں لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک روانہ ہوتے وقت آن لائن جوا ایپس کے ذریعے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں پر ان کی ضمانت منظور کی، جس کے بعد 26 نومبر کو وہ جیل سے رہا ہوئے۔















































