اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کے عظیم فنکار دھرمیندر شہرت اور دولت کے باوجود اپنی زمین اور آبائی ماحول سے کبھی جدا نہ ہو سکے۔ کھیتی باڑی اور دیہی زندگی سے انہیں بچپن ہی کی طرح گہری وابستگی رہی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پہلے اپنے والد کی ملازمت میں تبادلے اور بعد میں فلمی سفر شروع ہونے کے باعث دھرمیندر کو اپنا گاؤں چھوڑنا پڑا۔ تاہم ان کے اہلِ خانہ کے بیشتر افراد اب بھی وہیں مقیم ہیں۔
فلمی مصروفیات کے دوران جب بھی موقع ملتا، دھرمیندر وہ تمام آسائشیں چھوڑ کر لدھیانہ کے قریب تقریباً 25 کلو میٹر دور واقع ڈانگون گاؤں اپنے گھر چلے جاتے اور وہاں سکون حاصل کرتے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً دس سال پہلے انہوں نے اپنی آبائی زمین اپنے چچا زاد بھائی کے نام منتقل کر دی تھی، جس نے ان کی غیر موجودگی میں اس جگہ کی دیکھ بھال کی۔ اس جائیداد کی مالیت بھارتی میڈیا کے مطابق تقریباً 5 کروڑ روپے ہے۔
دھرمیندر کے بھتیجے بوٹا سنگھ دیول نے بتایا کہ 2016 میں گاؤں کے ایک دورے کے دوران اداکار نے 19 کنال اور 3 مرلہ اراضی ان کے والد منجیت سنگھ اور چچا شنگارا سنگھ کے حوالے کر دی تھی۔ ان کے مطابق بے پناہ شہرت کے باوجود دھرمیندر ہمیشہ اپنے آبائی شہر پنجاب اور وہاں کے رشتوں سے جڑے رہے۔ آخری مرتبہ وہ 2019 میں گاؤں آئے، اُس وقت سنی دیول گورداسپور سے الیکشن مہم چلا رہے تھے۔
اگرچہ وہ زندگی بھر دوبارہ پنجاب منتقل نہ ہوسکے، لیکن ممبئی کے قریب کھنڈالہ میں انہوں نے ایک بڑا فارم ہاؤس بنایا جہاں وہ لمبے عرصے تک مقیم رہے۔ کورونا لاک ڈاؤن میں دھرمیندر نے اسی فارم سے متعدد وڈیوز شیئر کیں جنہیں مداحوں نے بے حد پسند کیا۔















































