اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومتِ پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہائی کمشنر جين میریٹ سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کے وطن واپسی کے معاملات پر بھی بات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے لیے ضروری دستاویزات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیں۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ یہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ انہیں فوری طور پر پاکستان سپرد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پروپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف ٹھوس شواہد فراہم کیے ہیں۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اگرچہ آزادی اظہار رائے کا حق تسلیم کیا جاتا ہے، مگر غلط خبریں یا فیک نیوز ہر ملک کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے اور ایسے اقدامات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔















































