لاہور /ملتان /راولپنڈی (نیوزڈیسک) پنجاب میں ڈینگی نے حملے تیز کر دیئے ، ملتان اور رالپنڈی میں مزید 103افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ، رواں سال صوبے بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2800سے بھی تجاوز کر گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں ایک مرتبہ پھر ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا اور راولپنڈی، اسلام آباد کے بعد ملتان میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں اور مزید 11افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ضلع بھر میں رواں سال متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 228تک پہنچ چکی ہے ۔ راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مزید 92افراد داخل ہوئے ہیں۔راولپنڈی بے نظیرہسپتال میں 48،ہولی فیملی میں 32 ،ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 12افراد کو لایا گیا جن میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ۔ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیںجس کے بعد رواں سال مریضوں کی مجموعی تعداد 2500سے تجاوز کر گئی ہے ۔ راولپنڈی میں انتظامیہ نے ڈینگی کے حوالے سے اب تک 129افراد کو گرفتار ،250عمارتوں اور کاروباری جگہوں کو سیل ،713ایف آئی آرز اولا کھوں روپے جرمانہ عائد کرنے کے با وجو د بھی ڈینگی کا مسئلہ حل نہ ہو سکا۔کمشنر راولپنڈ ی کے مطابق ڈینگی مچھر کا لاروا گھروں میں پایا گیا ہے جسے شہریوں کے تعاون سے ہی کنٹرول کیا جاسکتاہے۔اس کے علاوہ فیصل آباد میں 70،اٹک 35،مظفرگڑھ 32 اور لاہور میں 24افراد میں مرض کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2800سے تجاوز کر گئی ہے ۔رواں سال جاں بحق مریضوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔