لاہور- ملک بھر میں اس وقت خشک اور سرد موسم برقرار ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر کے باقی دنوں اور دسمبر میں بھی بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے آثار بھی فی الحال موجود نہیں۔سما ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ عرفان ورک نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں موسم مزید خشک اور سرد رہے گا، درجہ حرارت بھی کم رہیں گے اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ برقرار رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں موجود پانی ہی کو احتیاط سے استعمال کرنا پڑے گا کیونکہ نہ بارش ہو رہی ہے اور نہ ہی گلشیئرز پگھلنے سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ خشک سالی کی صورت میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ بارشوں کی کمی کے سبب آبی ذخائر کو سوچ سمجھ کر استعمال کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ مستقبل میں پانی کی قلت کا سامنا کم سے کم کرنا پڑے۔















































