اسلام آباد (این این آئی)جرمنی نے پاکستانی ہنر مند افراد کیلئے اپرچیونٹی کارڈ متعارف کر ا دیا ۔ ذرائع کے مطابق سکیم کے تحت پاکستانی شہری بغیر کسی پہلے سے جاب آفر کے جرمنی جا کر ایک سال تک کام تلاش کر سکتے ہیں یا خود ملازمت کر سکتے ہیں۔کارڈکے حامل افراد کو ایک سال کے لیے جرمنی میں رہنے اور فل ٹائم یا پارٹ ٹائم ملازمت کرنے کی اجازت ہوگی۔امیدوار دو ہفتے تک ممکنہ آجر کے ساتھ جاب ٹرائل میں حصہ لے سکتے ہیں۔درخواست آن لائن جرمنی کے فیڈرل فارن آفس کے پورٹل سے دی جا سکتی ہے۔
درخواست دہندگان کو کم از کم 6 پوائنٹس حاصل کرنے ہوں گے، جو تعلیمی قابلیت، ہنر، تجربے، زبان، عمر اور جرمنی میں سابقہ قیام پر دیے جاتے ہیں۔مالی ضروریات کے تحت درخواست دہندگان کو کم از کم 1,091 ماہانہ کے ساتھ جرمنی میں قیام کے دوران اخراجات برداشت کرنے کی اہلیت ثابت کرنی ہوگی۔یہ اقدام جرمنی کی عالمی ہنر مند پیشہ ور افراد کو راغب کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے اور پاکستان کے ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع کھولتا ہے۔















































