اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کی ایک اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا فلم “دھرندر” کا ٹریلر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر بھارتی شائقین کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آنے لگا ہے۔جاری کیے گئے ٹریلر میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے لیاری کو ایک جنگ زدہ مقام کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جبکہ فلم کے ہیرو رنویر سنگھ کو بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے اہلکار کے طور پر لیاری میں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے۔فلم میں ارجن رام پال پاکستانی خفیہ ادارے کے ایک میجر کا کردار نبھا رہے ہیں۔
ٹریلر میں پیپلز پارٹی کے جلسے، پارٹی کے جھنڈوں اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔بھارت میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے بڑھتے رجحان کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ فلم میں سنجے دت کو شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم جیسا کردار دیا گیا ہے جبکہ اکشے کھنہ کو بدنام زمانہ مجرم رحمٰن ڈکیت کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔ ان کرداروں کے انتخاب پر بھارتی ناظرین بھی فلم سازوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔اگرچہ فلم کو دسمبر کے آغاز میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، لیکن ریلیز سے قبل ہی ٹریلر نے بالی ووڈ انڈسٹری کو سوشل میڈیا پر مذاق کا موضوع بنا دیا ہے۔ بھارتی صارفین کی بڑی تعداد اس پروپیگنڈا پر مبنی فلم پر ناپسندیدگی کا اظہار کر رہی ہے اور اسے غیر سنجیدہ اور حقیقت سے دور قرار دے رہی ہے۔
















































