اسلام آ باد (نیوز ڈ یسک ) بالی وڈ کے مقبول اداکار سنی دیول نے اپنے والد اور فلمی دنیا کے نامور فنکار دھرمیندر کی ابتدائی جدوجہد کے حوالے سے حیران کن بات بتائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دھرمیندر کے کیرئیر کے آغاز میں حالات اتنے مشکل تھے کہ کپڑے خریدنے کے لیے بھی ان کے پاس رقم نہیں ہوتی تھی۔ایک حالیہ انٹرویو میں سنی دیول نے والد کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دھرمیندر اور معروف اداکار و ہدایتکار منوج کمار نے فلم انڈسٹری میں قدم تقریباً ایک ہی وقت میں رکھا تھا، اور دونوں کے درمیان انتہائی قریبی دوستانہ رشتہ تھا۔
سنی دیول کے مطابق، وہ بچپن میں اپنے والد اور منوج کمار کو ہمیشہ ایک ساتھ دیکھتے رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دھرمیندر نے خود انہیں بتایا تھا کہ جب وہ اور منوج کمار ابتدائی دنوں میں ساتھ ہوتے تھے تو اکثر دھرمیندر کی جیب خالی ہوتی تھی۔ ایسے میں منوج کمار کبھی کبھار ان کے ساتھ کپڑے خریدنے جاتے اور محبت سے کہتے، “آؤ دھرم، تم بھی دو قمیضیں لے لو”۔سنی دیول نے ماضی کی اس دوستی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خوبصورت رفاقت آج کے دور میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے، اور وہ وقت کبھی واپس نہیں آسکتا۔خیال رہے کہ بالی وڈ کے سینئر اداکار منوج کمار کچھ عرصہ قبل 87 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔















































