شکار پور(این این آئی) گوٹھ بیچانجی میں بڈانی قبیلے کے مسلح افراد نے شر قبیلے کے ایک گھر پر حملے کے نتیجے میں باپ اور 2 بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق شکار پور میں نواحی علاقے ٹائون چک کے قریب گوٹھ بیچانجی میں بڈانی قبیلے کے مسلح افراد نے شر قبیلے کے ایک گھر پر راکٹ لانچر سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں نے گھر کو گھیرے میں لے کر راکٹ لانچر سے فائرنگ کی، جس سے زور دار دھماکہ ہوا۔جاں بحق ہونے والوں میں گھر کے مالک عبدالخالق شر، اس کے دو بیٹے خالد شر اور راجا شر، بھائی عبدالستار شر اور مہمان عبدالجبار شر شامل ہیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ اچانک کیا گیا جس کے باعث اہلِ خانہ کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 حملہ آور مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والے دونوں افراد حملے میں ملوث تھے۔ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ نے کہا کہ واقعہ دیرینہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور راکٹ لانچر کے ٹکڑے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔















































