اسلام آباد (نیوزڈ یسک) کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بدانتظامی اور کرپشن کے الزامات پر 85 افسران کو عہدوں سے فارغ کر دیا ہے۔ یہ اقدام ادارے میں شفافیت، احتساب اور بہتر کارکردگی کو فروغ دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 12 ڈائریکٹرز اور ایک ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کو او ایس ڈی (افسرانِ اسپیشل ڈیوٹی) مقرر کیا گیا ہے، جب کہ 16 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور 11 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو بھی عارضی طور پر ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنر آفس سی ڈی اے سے تعلق رکھنے والے 30 افسران اور عملے کو بھی ان کے موجودہ عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، اس بڑے پیمانے پر کیے گئے اقدام سے واٹر سپلائی، پلاننگ، قانون، نفاذ، ماحولیات، تعمیرات اور مکینیکل ڈویژن کے کئی محکمے متاثر ہوئے ہیں۔سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ تمام تبادلوں اور برطرفیوں کی منظوری چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے دی گئی، جب کہ متعلقہ افسران کے خلاف تیار کی گئی رپورٹس وفاقی وزیر داخلہ کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق، یہ فیصلہ ادارے میں اصلاحات اور شفاف نظام کے قیام کے لیے ایک اہم قدم ہے تاکہ سی ڈی اے کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔















































