واشنگٹن (نیوزڈیسک)وکی لیکس نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ جان برینن کے ذاتی ای میل اکاﺅنٹ سے حاصل کردہ معلومات جاری کر دی ہیں ۔چند روز قبل ہیکرز نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یہ ای میل اکاونٹ ہیک کرلیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق خفیہ معلومات کو انٹرنیٹ پر افشا کرنےوالی وکی لیکس نے برینن کے اکاونٹ سے حاصل کردہ مختلف دستاویزات شائع کیں جس میں بظاہر ایسے مسودے بھی ہیں جو امریکہ کی انٹیلی جنس برادری کو درپیش چیلنجز اور ایران کےساتھ امریکا کو کس طرح برتاﺅ کرنا چاہئے کی سفارشات جاری کی گئی ہیں۔ معلومات میں برینن کی وہ درخواست بھی شامل ہے جو انہوں نے اپنی سیکیورٹی کلیئرنس کےلئے دی تھی اور اس میں سوشل سیکیورٹی نمبر سمیت ذاتی نوعیت کی معلومات شامل ہیں۔وکی لیکس نے اپنے ان اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ برینن نے اس اکاونٹ کو مختلف اوقات میں انٹیلی جنس سے متعلق متعدد امور کےلئے استعمال کیا۔ وکی لیکس نے کہا ہے کہ آنےوالے دنوں میں مزید دستاویزات بھی جاری کی جائینگی۔دوسری جانب سی آئی اے کے ترجمان نے ویب سائٹس کے دعوﺅں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ جاری کی گئی دستاویزات خفیہ نوعیت کی تھیں۔ترجمان نے ہیکنگ کو ایک جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ برینن خاندان اس کا نشانہ بنا۔