ماسکو (نیوزڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سعودی فرمانروا خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر پیوٹن نے شامی صدر بشارالاسدکے دورہ ماسکو کے بعد شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو فون کیا اور ان سے خطے کی صورتحال کے علاوہ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی حالیہ پیشرفت کے حوالے سے بات چیت کی ۔بشارالاسد کا شام میں 2011ءسے جاری خانہ جنگی کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ تھا اور انہوں نے صدر پیوٹن سے دوطرفہ تعلقات اور داعش اور دوسرے باغی گروپوں کےخلاف جاری جنگ خصوصاً روس کے جنگی طیاروں کے فضائی حملوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔