اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار ارشد وارثی نے اپنی زندگی کے ایک نہایت دردناک واقعے سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اپنی والدہ کو ان کے آخری لمحات میں پانی نہیں دے سکے۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران ارشد وارثی نے اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی کے تلخ تجربات بھی بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف 14 برس کی عمر میں وہ اپنے والدین دونوں کو کھو بیٹھے، جس نے انہیں وقت سے پہلے بالغ بنا دیا۔
اداکار نے بتایا کہ ان کی والدہ گردوں کے مرض میں مبتلا تھیں اور ڈاکٹروں نے سختی سے ہدایت کی تھی کہ انہیں پینے کے لیے پانی نہ دیا جائے۔ ارشد وارثی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا،”جس رات میری والدہ کا انتقال ہوا، وہ مسلسل مجھ سے پانی مانگتی رہیں، لیکن میں نے ڈاکٹر کی ہدایت کے باعث انہیں پانی نہیں دیا۔ میں نے بس اتنا کہا، ‘ڈاکٹر نے منع کیا ہے’، اور اسی رات وہ اس دنیا سے چلی گئیں۔”انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ آج بھی اس بات کا احساس جرم اور پچھتاوا دل میں ہے۔
“اگر اُس وقت میں نے انہیں پانی دے دیا ہوتا اور وہ پھر بھی چلی جاتیں تو شاید میں خود کو کبھی معاف نہ کر پاتا، لیکن اب لگتا ہے کہ مجھے اُس وقت اُن کی بات مان لینی چاہیے تھی۔”ارشد وارثی کے اس اعتراف نے مداحوں کو بھی غمزدہ کر دیا، سوشل میڈیا پر ان کے جذباتی بیان پر صارفین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔















































